کوئٹہ: سیکیورٹی خدشات کے باعث قومی شاہراہیں بند، بس سروس معطل، انٹرنیٹ و تعلیمی سرگرمیاں متاثر

بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر ہو گئی ہے، جس کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کو پنجاب سے ملانے والی ڈی آئی خان–لورالائی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ کوئٹہ سے تافتان جانے والی قومی شاہراہ بھی نوشکی کے مقام پر بند ہے۔ تاہم جیکب آباد سے کوئٹہ آنے والی قومی شاہراہ کو بولان کے مقام سے آج صبح عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اسی طرح کوئٹہ–کراچی قومی شاہراہ بھی بحال کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ آنے والی تمام مسافر بسوں کو رکنی کے مقام پر روک دیا گیا ہے، جس کے باعث بس سروس معطل ہے اور سینکڑوں مسافر مختلف شہروں میں پھنس گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بسوں کی آمد و رفت سے متعلق مزید فیصلہ کیا جائے گا۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ فضائی اور ریل سروس بھی جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہے۔ ان بندشوں کے باعث مواصلاتی، تجارتی اور روزمرہ سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔

تعلیمی سرگرمیاں بھی صورتحال سے متاثر ہوئی ہیں۔ کیڈٹ کالج مستونگ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری 2026 بروز اتوار کو ہونے والا داخلہ ٹیسٹ ناگزیر وجوہات کی بنا پر مؤخر کر دیا گیا ہے، جو اب 5 فروری 2026 بروز جمعرات منعقد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے گزشتہ روز بلوچستان بھر میں “آپریشن ہیروف فیز ٹو” کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

نوشکی میں کشیدگی برقرار، زمینی رابطہ منقطع، ڈرون حملوں میں شہری ہلاکتوں کی اطلاعات

منگل فروری 3 , 2026
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی صورتحال بدستور کشیدہ ہے، جہاں گزشتہ تین چار سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شہر کا زمینی رابطہ منقطع ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ